بنگلورو10؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)کرناٹکا پبلک سرویس کمیشن کے چیرمین کے طور پر آج سینئر آئی اے ایس آفیسر شام بھٹ نے عہدہ سنبھال لیا۔ ریاستی حکومت کی طرف سے سابق بی ڈی اے چیرمین اور محکمۂ کوآپریشن کے پرنسپل سکریٹری شام بھٹ کو کے پی ایس سی چیرمین مقرر کرنے کے سلسلے میں تجویز گورنر کو روانہ کی گئی تھی، اس پر گورنر واجو بھائی والا نے پہلی بار حکومت سے استفسار طلب کرتے ہوئے فائل لوٹا دی تھی، دوسری بار جب گورنر کے سوالات پر وضاحتوں کے ساتھ دوبارہ فائل روانہ کی تو گورنر نے کے پی ایس سی کی چیرمین شپ کیلئے شام بھٹ کے نام کو باضابطہ منظوری دے دی۔ دو دن قبل گورنر نے شام بھٹ کو کے پی ایس سی چیرمین مقرر کرنے کیلئے حکومت کی تجویز کو باضابطہ منظوری دی ،اور ان کی فائل پر دستخط کردئے۔گورنر کی منظوری کے فوری بعد شام بھٹ کے تقرر کا سرکاری حکمنامہ بھی جاری ہوگیا۔ اور آج انہوں نے باضابطہ کے پی ایس سی کی چیرمین شپ سنبھال لی۔